۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ آپ اسی مسجد میں امامت کے ساتھ ساتھ حوزہ علمیہ نجف اشرف کے معروف استاد اور اہل قلم بھی تھے۔ نمایاں دینی ، ثقافتی اور سماجی خدمات آپ کی شخصیت کا خاصہ رہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے فعال اور معروف ادارے جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے مسجد سہلہ کے خطیب و امام جماعت و حکیم خاندان کی عظیم شخصیت اور ممتاز عالم دین آیت اللہ سید محمد حسین حکیم کی وفات پر افسوس اور تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رحلت ایک عظیم دینی اور علمی خسارہ ہے۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے:

بسمہ تعالیٰ 

غم انگیزخبر موصول ہوئی کہ عالم تشیع کی مشہور مسجد،مسجدسہلہ کے امام جماعت جناب آیۃ اللہ سید محمدحسین الطباطبائی الحکیم رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے رحلت فرمائی ۔

انا للہ و انا الیہ راجعون

آپ عراق کے ایک ناموردینی ، علمی،سیاسی خاندان،خاندان حکیم کی انتہائی نمایاں شخصیت تھے۔ اس خاندان کی دینی ،علمی،جہادی اورسیاسی خدمات نہ فقط عراق بلکہ پوری دنیا پر محیط ہیں۔

مسجد سہلہ جو بہت سے انبیاء اور بعض ائمہ علیھم السلام کی قیام گاہ اور جائے عبادت رہی۔ انشاءاللہ بعد از ظہور حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف یہیں قیام فرمائیں گے، آپ اسی مسجد میں امامت کے ساتھ ساتھ حوزہ علمیہ نجف اشرف کے معروف استاد اور اہل قلم بھی تھے۔ نمایاں دینی، ثقافتی اور سماجی خدمات آپ کی شخصیت کا خاصہ رہا کہ مرحوم آیۃ اللہ العظمی سید ابوالقاسم خوئی رضوان اللہ تعالی علیہ نے آپ کو عراق کے شہر کوت میں اپنا وکیل مقرر فرمایا تھا۔

آپ کی رحلت ایک عظیم دینی اور علمی خسارہ ہے۔ ہم اس عظیم سانحہ پر علماء اعلام ،مراجع کرام ، خانوادۂ حکیم اورجملہ پسماندگان و وابستگان کی خدمت میں تعزیت عرض کرتے ہیں ۔

بارگاہ معبود میں دعا ہے کہ مرحوم کو اعلیٰ علیین میں جگہ عنایت فرمائے اورپسماندگان کو صبر جمیل و اجرجزیل عطا فرمائے ۔ آمین

  والسلام

 مولانا سید صٖفی حیدر زیدی

سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ، ہند

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .